آج کا اخبار

واپڈا ملازم زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)چونگی نمبر2مٹھہ ٹوانہ میں واپڈا ملازم محمد عابد ولد محمد فاروق کام کے دوران مکان کی چھت سے گر کر شدید زخمی ہو گیا۔ محمد عابد بجلی کی تاریں درست کرنے کیلئے مکان کی چھت پر گرا اچانک چکر آنے کے باعث نیچے گر گیا ‘ اُسے فوری طو رپر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد منتقل کر دیاگیا ہے جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
www.khushabnews.com
چھ سالہ بچہ جاں بحق
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جوہرآباد اور نواحی علاقوں میں ٹریفک کے المناک حادثات میں ایک چھ سالہ بچہ جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا‘ پہلا حادثہ خالق آباد روڈ پر علی پٹرولیم کے نزدیک ہوا جہاں ایک تیز رفتار ہنڈائی ڈالے کی ٹکر سے جناح کالونی سرگودھا کا رہائشی چھ سالہ بچہ محمد ابراہیم چنگڑ موقع پر جاں بحق ہوا۔ ڈالہ نمبری LZR 5996کا نامعلوم ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ دوسرا حادثہ بدلی والا میں ہوا جہاں ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے محلہ دتے والی کا رہائشی 37سالہ اﷲ دتہ ولد اﷲ بخش زخمی ہوا۔ اُسے شدید زخمی حالت میں ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد داخل کرا دیا گیا ہے۔

چوہدری شجاع الرحمن ٹیپو کو مبارکباد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) رکن قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان ،مسلم لیگ ن یو تھ ونگ پنجاب کے صدر میا ں غلام حسین شاہد ،ایم پی اے سرگودھا عبدالرزاق ڈھلوں ،ایم پی اے ملک جاوید اقبال اعوان ،مسلم لیگ ن یو تھ ونگ سرگودھا ڈیژن کے صدر زاہد کمبوہ ،ملک عمرن بشیر اعوان ایڈیشنل جنرل سیکر ٹری مسلم لیگ ن ضلع خوشاب،چوہدری ضیا ء اللہ ،سابق ناظم چوہدری عطاء للہ ،مسلم لیگ ن یو تھ ونگ پنجاب کے جوائنٹ سیکر ٹری چوہدری عبدالمنان،چوہدری عبدالحنان ،ملک خالد اعوان ،مسلم لیگ ن یو تھ ونگ ضلع خوشاب کے سینئر نائب صدر ملک سعد بشیر اعوان ،ملک احمد جاوید اقبال اعوان ،ملک حاجی محمد فیا ض نائچ چیئر مین بیت المال ضلع خوشاب ،مطیع الر حمن ،مسلم لیگ ن یو تھ ونگ سٹی خوشاب کے صدر سلطان احمد ،مسلم لیگ ن یو تھ ونگ سٹی خوشاب کے جنرل سیکر ٹری خواجہ محمد عرفان،محمد فیا ض زرگر،ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ملک ،شوکت پرویز ،پرویز قریشی،ابرار مغل، محمد نعمان نجف ،حاجی محمد حفیظ ،محمدیاسر ،حاجی محمد ممتاز نے مسلم لیگ ن مرکزی کونسل کے رکن و مسلم لیگ ن یو تھ ونگ ضلع خوشاب چوہدری شجاع الر حمن ٹیپو کے بیٹے کی پیدائش پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔


مبارکباد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سابق تحصیل نائب ناظم ملک طاہر رضا بگھور ایڈووکیٹ،یو سی رنگپور بگھور کے چیئرمین ملک گلزار احمد بگھور ایڈووکیٹ،وائس چیئرمین ملک مظہر اقبال بگھور،نمبردار ملک ظفرعباس بگھور،سابق ناظم ملک غلام جعفر بگھور،ہیڈ ماسٹر ملک سلطان احمد کلو،ملک عبدالعزیز بگھور،،حکیم ملک احمد شیر بگھور،رانا ظفر اللہ عطاری،پریس کلب نورپور کے جنرل سیکریٹری ایم نوردین،حاجی شیر اقبال اور محمد کامران نسیم نے پروفیسر ڈاکٹر عاصم نعیم کھوکھرکو اسوسی ایٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی پانے پر تہ دل سے مباکرباد دی ہے انہوں نے کہا کہ گریڈ20میں بطور اسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عاصم نعیم کھوکھر کی یونیورسٹی میں تعیناتی رنگپوربگھور کے لئے اعزاز ہے۔

کھلی کچہری
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈائیریکٹر انٹی کرپشن سرگودھا عاصم رضا 9نومبر کو نورپورتھل میں کھلی کچہری لگائیں گے وہ سرکاری افسروں کے خلاف درخواستیں وصول کریں گے اور لوگوں سے سرکاری دفاتر میں پیش آںے والی رکاوٹوں کے بارے آگاہی حاصل کریں گے۔

 ماہ اکبوتر میں پٹرولنگ پولیس کی کارکردگی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈی ایس پی غضنفر عباس نتھوکہ پٹرولنگ ضلع خوشاب کی سربراہی میں پٹرولنگ پولیس نے ماہ اکتوبر 2017میں اچھی کارکردگی کا مظاہر کرتے ہوئے 378افراد کو امداد فراہم ، ایک گمشدہ بچے کو حقیقی ورثاء کے حوالے کیا ۔ گزشتہ ماہ میں 1171بلا نمبرو بغیر دستاویزات موٹر سائیکلز حسب ضابطہ کاروائی کرتے ہوئے مختلف تھانہ جات میں بند کیا اور ٹریفک حادثات کا باعث بننے والی تیز رفتار و اوور لوڈ 33 گاڑیوں کے خلاف 279ت پ کے تحت کاروائی کرتے ہوئے ، گاڑیوں اور ڈرائیو ران کو ضلع خوشاب کے مختلف تھانہ جات میں بند کیا ۔ اس کے علاوہ مقامی پولیس کے ساتھ مل کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 02ناجائز اسلحہ ، 01منشیات کے مقدمات درج کروائے جبکہ 01 (A)کیٹگری مجرمان اشتہاری اور ایک عدالت مفرور کو گرفتار کیا اس کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی 1980گاڑیوں کے چالان کیے ماہ اکتوبر 2017میں موثر گشت کرنے کی وجہ سے ضلع خوشاب پٹرولنگ پوسٹوں کے بیٹ ایریاز میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوا ہے۔

قائدآباد، ناجائز تجاوزات کیخلاف آپریشن
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)غلہ منڈی قائد آباد میں ناجائز تجا وزات کے خلاف آپریشن۔سبزی و پھل فروشوں کو مرکزی چوک سے ہٹا دیا گیا ، متبادل جگہ دینے کی یقین دہانی۔ڈی سی خوشاب کے حکم پر شہر میں غیرقانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری۔ پہلے مرحلے میں غلہ منڈی چوک سے سبزی وفروٹ فروشوں کو ہٹا دیا گیا ۔ غلہ منڈی کے تاجروں کو تجا وزات از خود ختم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ اینٹ ٹائل مارکیٹ کے تاجروں کو شہر سے باہر منتقل کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے جاری آپریشن کی نگرانی میونسپل کمیٹی کے چہیرمین حاجی احمد ،وائس چہیرمین عمر حیات ،نائب تحصیلدارمحمد نواز کھارا ،چیف آفیسرعطااﷲ ٹوانہ ،ہاؤسنگ سب انجینئرمحمد شکیل سمیت محکمہ مال اور پولیس کے ملازمین نے کی ۔چیئر مین 
میونسپل کمیٹی حاجی احمد نے بتایا ہے کہ ریڑھی بانوں کو روز گار کمانے کے لئے متبادل جگہ دی جائے گی ۔


 تھانوں کے محرر تبدیل
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلع خوشاب ، تمام تھانوں کے محرر تبدیل۔ڈی پی او خوشاب وقاص حسن نے ضلع خوشاب کے تمام تھانوں کے محرر 
تبدیل کر دیئے ۔ڈی پی او خوشاب وقاص حسن نے ضلع خوشاب کے تمام تھانوں کے محرر تبدیل کر دیئے ۔ تھانہ سٹی جوہرآباد میں امان اﷲ، صدر جوہرآباد میں دلدار حسین ،خوشاب میں محمد رمضان ، کٹھہ سگھرال میں جواد الحسن، قائدآباد میں ابوبکر، مٹھہ ٹوانہ میں قیصر عباس، جوڑا کلاں میں محمد صفدر، نورپورتھل میں جاوید اقبال اور نوشہرہ میں حسن اقبال کو نیا محرر تعینات کیا ہے

کوڑا کرکٹ جلانے پر پابندی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمثنر خوشاب امجدبشیرنے سموگ کی بڑھتی ہوئی لہر کے باعث کوڑا کرکٹ ،پلاسٹک ،ٹائروں و دیگر اشیاء کے جلانے پر پابندی عائد کی دی ہے ۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائینگے ۔انوائرنمنٹ و دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کی ٹیمیں حکومت کی ہدایات پر عملدر آمد کروانے کے لیے خصوصی معائنہ کریں گی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سموگ کی بڑہتی ہوئی لہر کے باعث شہریوں کے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے جن میں سانس ،پھیھپڑوں اور دیگر مراض شامل ہیں ۔لہذا عوام اور بچوں کو ان بیماریوں سے بچانے اور حفاظتی تدابیر کے لیے حکومتی ہدایات پر پوری طرح عملدرآمد کروایا جائیگا ۔

ٹریفک سگنل نصب کرنے کا مطالبہ

خوشاب نیوز ڈاٹ کام) میونسپل کمیٹی جوہرآباد کے کونسلر ملک طارق اعوان نے کہا ہے کہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث ہونیوالے حادثات کی روک تھام کیلئے جوہرآباد کے مصروف چوراہوں پر ٹریفک سگنلز کی تنصیب بے حد ضروری ہے۔ ارباب اختیار اس اہم مسئلہ پر فوری توجہ دیں۔ میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے بتایا کہ دس سال قبل ریلوے کراسنگ کالج چوک اورریلوے کراسنگ شوگر ملز چوک پر ٹریفک سگنل نصب کئے گئے تھے جو مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ناکارہ ہو کر گر گئے اب اُن اشاروں کی باقیات تک موجود نہیں۔ ان دونوں چوراہوں ٹریفک کے رش کے باعث لوگوں کیلئے سڑک عبور کرنا بھی ممکن نہیں رہا اور یہاں آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اس صورتحال پر فوری توجہ دے اور ان دونوں مصروف چوراہوں کے علاوہ اندرونِ شہر جامع مسجد غوثیہ چوک اور دارالاسلام چوک میں بھی ٹریفک سگنل کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔ 

الوداعی تقریب
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محکمہ بہبودِ آبادی کے فیملی ویلفیئر اسسٹنٹ محبوب الٰہی اپنی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے۔ اُن کے اعزاز میں ضلعی دفتر بہبودِ آبادی میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈسٹرکٹ آفیسر بہبودِ آبادی ملک نصیر احمد کربلائی نے کی۔ تحصیل آفیسر بہبودِ آبادی چوہدری محمد شاہد‘ انچارج ڈیمو گرافی عقیلہ انجم سمیت بہبودِ آبادی کے دیگر ملازمین شریک تھے۔ اس موقع پر محبوب الٰہی کی پیشہ وارانہ خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور اُن کی خدمات کو دیگر ملازمین کیلئے مشعل راہ قرار دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر بہبودِ آبادی ملک نصیر احمد کربلائی کا کہنا تھا کہ محبوب الٰہی نے اپنی مدت ملازمت کے دوران اپنی تمام توانائیاں فرائض کی بجا آوری پر مرکوز کئے رکھیں۔ تقریب کے اختتام پر محکمہ بہبودِ آبادی کے افسران و ملازمین کی جانب سے محبوب الٰہی کو تحائف تقسیم کئے۔


راہزنی کی واردات
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)مٹھہ ٹوانہ روڈ پر چک نمبر44ایم بی کے قریب دو ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر 44ایم بی کے رہائشی اکبر علی اور اس کے بھانجے محسن جمیل سے 9ہزار500کی نقدی چھین لی اور فرار ہو گئے۔ مٹھہ ٹوانہ پولیس نے نامعلوم ڈاکوؤں کیخلاف زیر دفعہ 392ت پ مقدمہ درج کر کے اُن کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک اُن کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ ایف آئی آر کے مطابق اکبر علی اپنے بھتیجے محسن جمیل کے ہمراہ موٹر سائیکل پر چک 56ایم بی سے واپس اپنے گاؤں جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے سڑک پر لکڑی ڈال کر روڈ بلاک کر رکھی تھی۔ ڈاکوؤں نے اُنھیں روکا اور اُن پر اسلحہ تان کر اکبر علی سے آٹھ ہزا ر500اور محسن جمیل سے ایک ہزار روپے کی نقدی چھینی۔


ناجائز اسلحہ برامد
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے چک نمبر59ایم بی کے رہائشی ایک شخص محمد طاہر کو گرفتار کر کے اُس کے قبضہ سے ایک بندوق بارہ بور برآمد کی ہے۔ ملزم کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ 

دھوکہ دہی کا الزام
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)صدر پولیس جوہرآباد نے آدھی کوٹ کے رہائشی دو افراد اسلم بگھور اور جواد حسین کیخلاف دھوکہ دہی ‘ فراڈ اور جعلسازی کے الزام میں زیر دفعات 420‘468اور471ت پ مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ مقدمہ سیٹلائٹ ٹاؤن جوہرآباد کے رہائشی ظفر اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے ظفر اقبال کے والد کا ملکیتی پلاٹ جعلی مختار نامہ بنا کر اپنے نام کرا لیا۔ 


 ہیپا ٹائیٹس کے مفت ٹیسٹ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو فری ٹیسٹ کرانے کی سہولت مہیا کر دی گئی‘ ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کے ایم ایس ڈاکٹر قاضی آصف محمود نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس میں مبتلا جو بھی مریض اپنے تشخیصی ٹیسٹ کرانا چاہیں وہ اپنے خون کے نمونہ جات روزانہ صبح آٹھ تا شام آٹھ بجے ہسپتال کی لیبارٹری میں دے سکتے ہیں۔ 


ختم نبوت پر کوئی سمجھوتہ نہیں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)انٹرنیشنل ختم نبوت ﷺ ضلع خوشاب کے سرپرست اعلیٰ مولانا قاری محمد امین ربانی نے کہا ہے کہ دین مدارس کی برکات سے علوم نبوت زندہ ہے۔ قرآن مجید نسل انسانیت کے تمام امور میں راہنمائی کرتا ہے‘ عقیدہ ختم نبوت پر شب خون مارنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی کیونکہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ وہ جامعہ ربانیہ فیض العلوم مسجد تقویٰ میں تکمیل قرآن مجید کی منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ ختم نبوت کی شک پر کوئی سمجھوتہ اور رد و بدل برداشت نہیں ہو سکتی۔ قوم اور تمام مذہبی جماعتیں ختم نبوت کی حفاظت کے لئے متحد ہیں۔ جامعہ ربانیہ فیض العلوم کے ناظم قاری عبدالقادر امین نے حافظ محمد عمر شبیر کو قرآن مجید حفظ کرنے پر مبارکباد دی۔ تقریب میں ممبر امن کمیٹی قاری عبدالباسط ‘ قاری نور محمد‘ قاری احمد نواز‘ حافظ عبدالغفور‘ حافظ حسیب فیصل سمیت معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔


نوشہرہ وادی سون سے فرحان فاروق اعوان
 طالبہ کا اعزاز
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)گورنمنٹ گرلزپرائمری سکول کھبیکی کی ہونہار طالبہ تسبیعہ محمد فاطمہ نے برین آف دی پنجاب مقابلوں میں ضلعی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ اس سے قبل تحصیل سطح پر نوشہرہ میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کرچکی ہیں عوامی وسماجی اور تعلیمی حلقوں کی طرف سے ہونہار طالبہ اور جملہ تدریسی عملہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور توقع کی ہے کہ محکمہ تعلیم اس تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے بچوں کی حوصلہ افزائی کرئے گی۔


گرانفروشوں کو جرمانے
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد کلیم نے اچانک وادی سون کے مختلف شہروں کے بازاروں کادورہ کیا اس دوران انہوں نے پیٹرول ایجنسیاں اشیائے روزمرہ کی دوکانوں کو چیک کیا غیر معیاری گراں فروشی کے مرتکب دوکانداروں کو مجموعی طور پر 17000ہزار کے نقد جرمانے کئے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد کلیم نے دوکانداروں کو ہدایت جاری کیں کہ آئندہ سختی سے نمٹا جائے گا انہوں نے کہا کہ ملاوٹ شدہ اشیاء ناقابل برداشت ہیں ۔
;
آج کا اخبار آج کا اخبار Reviewed by Khushab News on 7:51:00 AM Rating: 5

کوئی تبصرے نہیں:

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.